24 مارچ 2015 - 17:18
بحرینی حکومت پر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی سخت تنقید

بحرین کے مشہور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نےبحرینی عوام کو کچلنے کی آل خلیفہ حکومت کی پالیسی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ بحرین کی حکومت کو یہ جان لینا چاہئے کہ اگر وہ بحرینی عوام کو تشدد کا نشانہ بناکران پر مسلط ہونا چاہتی ہے تو یہ اس کے لئے باعث ننگ و عار ہے۔ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ ہر حکومت کی ذمہ داری اپنی قوم کی خدمت کرنا، عوام کو سیکورٹی اور رفاہ و آسائش فراہم کرنا، سائنسی و ثقافتی پیشرفت نیز صنعتی پیداوار میں ترقی کے حالات سازگار بنانا، اور اسی طرح ان کے اقدار، نظریات اور عقائد کی حفاظت کرنا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومتیں فخر کرنا چاہیں تو ان کے لئے قابل افتخار امر اس عظیم قوم پر حکومت کرنا ہے جو اپنی آزادی پر فخر کرتی ہواور جس نے ظلم کے سامنے سر تسلیم خم نہ کیا ہو اور وہ اپنے تمام حقوق سے آگاہ و با خبر ہو۔ لیکن آل خلیفہ حکومت نے اپنے عوام کو مرعوب کرنے اور ان کو دست نگر بنا کر رکھنے کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔ اور وہ اپنی اسی پالیسی پر فخر کررہی ہے.

.......

/169